شکارپور:مقابلے میں ڈاکو ہلاک،موٹر سائیکل لفٹر گروہ گرفتار
شکارپور،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) شکارپور کے تھانہ گاھیجا کی حدود گھڑیال پیر لنک روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔
جس میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت سنھو عرف پپو کلہوڑو کے نام سے ہوئی، جو ڈکیتی، قتل، پولیس مقابلوں، دہشت گردی اور چوری جیسے سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ جھڈو کے ایس ایچ او وجے کمار کی سربراہی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چور گروہ کے 3 اہم کارندوں ریاض عمرانی، عالم پاہور اور سلام عمر کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 5 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں اور ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے ۔ لاڑکانہ پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے 12 سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا، اغوا، چوری، منشیات فروشی اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث افراد میں عمر فاروق پنجابی ،عدیل شیخ ، عابد کھاوڑ ،عمران جتوئی ، معشوق چنو، ریاض جونیجو، محمد کناسرو، عبدالحکیم شیخ، سجاد عرف سجو تنیو ،لیاقت جلبانی، اکبر عمرانی، حبدار کلہوڑو شامل ہیں۔