جیکب آباد میں شدید گرمی،بدترین لوڈشیڈنگ،عوام بے حال

جیکب آباد(نمائندہ دنیا)جیکب آباد میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ گیا ، جبکہ بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔
گرمی سے بچنے کے لیے لوگ کوئٹہ سمیت ٹھنڈے علاقوں کی طرف رخ کر رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جیکب آباد میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور منگل کے روز پارہ 45 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جب کہ گرمی کی شدت 48 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔ شہر کی سڑکیں سنسان اور کاروباری مراکز میں خریداروں کا رش نہ ہونے کے برابر رہا۔شہر میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے صورتحال کو مزید بدتر بنا دیا ہے ۔ شہری علاقوں میں روزانہ 12 سے 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹوں تک بجلی غائب رہتی ہے ۔ اس بدترین صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔شدید گرمی اور بدترین بجلی بحران کے پیش نظر متعدد شہریوں نے کوئٹہ اور دیگر نسبتاً ٹھنڈے علاقوں کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جیکب آباد پہلے ہی ایشیاء کا گرم ترین شہر ہے ، اور یہاں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے الٹا لوڈشیڈنگ میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔