میپکو الیکٹرانک آپریشنز سسٹم کا تجربہ فلاپ

میپکو الیکٹرانک آپریشنز سسٹم کا تجربہ فلاپ

ملتان(خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) میں شروع کیاگیا الیکٹرانک آپریشنز سسٹم (E-OPS) ملازمین کے لئے وبال جان بن گیا۔ پرانے دقیانوسی آئی ٹی ٹیکنالوجی سے جدید سسٹم کو چلانے کا منصوبہ بُری طرح ناکامی سے دوچارہوگیا۔

 انٹرنیٹ کنکشنز کی عدم دستیابی کے باعث ہیڈ کوارٹر کے تمام شعبوں میں امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ۔ ایڈمنسٹریشن افسر اعلیٰ حکام اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو سب اچھاہے کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میپکو ہیڈ کوارٹر کے زیر انتظام مختلف شعبوں میں ای آفس شروع کردیاگیاتاہم جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی اور انتہائی ناقص انٹرنیٹ سسٹم کی وجہ سے منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیاہے اور روزانہ کئی کئی گھنٹے انٹرنیٹ /وی پی این بند ہونے کے باعث دفتری امور التواء کا شکارہورہے ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ شعبہ آئی ٹی کے نااہل انجینئرز اور ٹیکنیشنز ہر وقت شعبوں میں انٹرنیٹ اور ای آفس کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنی ناکام کوششیں کررہے ہیں جبکہ شعبہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مختلف شعبوں میں ای آفس کو بہترطریقے سے چلانے کے لئے نہ نئے کمپیوٹر سسٹم فراہم کئے گئے اور نہ ہی انٹرنیٹ سپیڈ بڑھانے کے لئے تین ماہ میں کوئی اقدامات کئے گئے ۔ ریجنل ٹریننگ سنٹر میں ای آفس سے متعلق ملازمین کو ٹریننگ دینے کا ناکام سیشن بھی منعقد کیاگیاجس میں بالابالا چند مخصوص شعبوں کے ملازمین کو تربیت دیکر معاملہ ختم کردیاگیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ میپکو ہیڈ کوارٹر کے متعدد افسر ای آفس چلانے سے نابلد ہیں اور انہیں تاحال کوئی تربیت بھی نہیں دی گئی جسکی وجہ سے ای آفس کا سارا دارومدارملازمین تک محدود ہے ۔ شعبہ ایڈمنسٹریشن ملازمین کی فائلیں ای آفس کے ذریعے آگے متعلقہ افسروں کو بھیجنے کے بہانے لگاکر کئی کئی روز تک کام ٹھپ رکھتے ہیں اور ملازمین اپنی فائلیں نکلوانے کے لئے روازنہ دفتروں میں دھکے کھارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک کی سب سے بڑی بجلی کی تقسیم کار کمپنی ای آفس چلانے کے لئے اپناسافٹ ویئر ہی نہ بناسکی ہے اور نہ ہی شعبوں میں آئی ٹی مصنوعات فراہم کی گئی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں