سندھ ہائی کورٹ میں لیگل ریسرچ سیل کا باقاعدہ افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں قانونی تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ’’لیگل ریسرچ سیل‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔۔
ابتدائی طور پر 9 سول ججز بطور ریسرچ آفیسر تعینات کیے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جناب جسٹس جنید غفار تھے ۔ ہائی کورٹ کے دیگر معزز ججز اور بار کے عہدیداران بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس جنید غفار نے کہا کہ ریسرچ سیل کا منصوبہ سابق چیف جسٹس شفیع صدیقی نے شروع کیا تھا اور اب اس کا افتتاح میری جانب سے کیا گیا ہے جیسے اس سے قبل میڈیا روم کا افتتاح کیا تھا، انہوں نے مزید بتایا کہ ریسرچ سیل کے قیام سے قبل ججز کو قانونی تحقیق میں مشکلات کا سامنا تھا، اب یہ سیل ان کے کام کو سہل اور موثر بنائے گا۔ مستقبل میں ہر بینچ کے لیے ایک ریسرچ آفیسر تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سول ججز کے لیے یہ سیکھنے کا بہترین موقع ہے ، جو فیلڈ میں ان کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔ سپریم کورٹ میں بھی اسی طرز پر ریسرچ کلرکس کی مدد لی جاتی ہے ۔ اس موقع پر جسٹس جنید غفار نے یہ بھی بتایا کہ ہائی کورٹ سے تقریباً 24 ہزار سول کیسز ماتحت عدالتوں کو منتقل کیے جا رہے ہیں اور یہ عمل آسان نہیں۔ مقدمات کی منتقلی کی تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔