بیورو آف سپلائی کی سپر مارکیٹوں اور اسٹورز میں برانڈڈ اشیا کی قیمتیں مقرر کرنے کی تیاریاں

کراچی (این این آئی)سندھ حکومت نے کراچی شہر کے سپراسٹورز اورسپر مارکیٹوں میں فروخت ہونے والی برانڈڈ اشیا کی قیمتیں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اس سلسلے میں برانڈڈ اشیا کی تیاری کی لاگت اور ان پر منافع کے مارجن سے متعلق تفصیلی ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز زاہد حسین شر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بیورو آف سپلائی کے اعلی افسران کے علاوہ کراچی کے تمام بڑے سپر اسٹورز اور سپر مارکیٹوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی زاہد حسین شر نے واضح کیا کہ اب کراچی میں کاروبار کرنے والے تمام اداروں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ بیورو آف سپلائی کے پاس اپنے گوداموں کا باقاعدہ اندراج کرائیں اور ان کی تجدید کو یقینی بنائیں،صارف تحفظ ایکٹ پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈی جی کو آگاہ کیا کہ حکومت سندھ نے انہیں ضروری اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو روکنے کے ساتھ ساتھ کراچی میں تیارکردہ اور برانڈڈ ضروری اشیا کی قیمتوں کا تعین کرنے کا خصوصی اختیار دیا ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی میں اگلے ماہ تک تمام برانڈڈ اشیا کی حتمی قیمتیں مقرر کر دی جائیں گی۔ اس سے قبل اشیا کی تیاری کی اصل لاگت اور ان پر رکھے جانے والے منافع کی شرح کے بارے میں مکمل اور تفصیلی معلومات جمع کی جائیں گی۔ انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ قیمتوں کے مناسب ضابطے کو یقینی بنایا جائے ۔