میرپورخاص:آبی قلت، آبادگاروں کا دوسرے روز بھی دھرنا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) آبادگاروں کا پانی نہ ملنے کے خلاف دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ نارا کینال سے نکلنے والی مختلف شاخوں کے آخری حصوں کے آبادگاروں اور ہاریوں نے۔۔۔
ٹیل آبادگار ویلفیئر ایسوسی ایشن کی کال پر پروفیسر یوسف راجپوت، میر اعجاز تالپور، میر علی احمد و دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے دوسرے دن بھی دھرنا جاری رہا، جس میں معروف زمیندار فیصل کاچیلو، ارباب انوار، پی ٹی آئی کے آفتاب قریشی، ہائیکورٹ بار کے صدر میر پرویز تالپور و دیگر نے اظہار یکجہتی کے طور پر دھرنے میں شرکت کی۔ اس موقع پر آبادگار رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نارا کینال کو وارہ بندیوں سے قبل دسمبر میں ابتدائی طور پر بند کر دیا گیا تھا، جس سے گندم کی فصل بری طرح متاثر ہوئی، نارا کینال میں 15 ہزار 500 کیوسک سے زائد پانی بہہ رہا ہے لیکن اس کے باوجود ٹیل کے آبادگاروں کو پانی فراہم نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث ضلع میرپورخاص میں 80 فیصد زمینوں پر کپاس کاشت نہیں ہو سکی اور جو گاشت کی گئی تھی وہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے سوکھ گئی۔ ان کا کہنا تھا پانی کی قلت کی وجہ سے نہ صرف نئی فصلیں کاشت نہ ہو سکیں بلکہ آم اور کیلے کے باغات تباہ ہو رہے ہیں جبکہ گنے کی کھڑی فصل خشک سالی کا شکار ہے ۔اگر صورتحال برقرار رہی تو عیدکے دنوں میں بھی دھرنا جاری رہے گا اور قربانی کے جانور بھی دھرنے میں قربان کئے جائیں گے۔ رات گئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے مذاکرات کے بعد آبادگاروں کے اکثر مطالبات تسلیم کرلئے ، جس کے بعد آبادگاروں کی جانب سے دھرنا ختم کر دیا گیا۔