عید کے دوسرے روز ڈوبنے والے 4حافظِ قرآن دوستوں کی نماز جنازہ ادا

کھپرو(نمائندہ دنیا)کھپرو کے علاقے میں عید کے دوسرے دن پکنک منانے کے دوران ڈوبنے والے چار حافظ قرآن نوجوانوں کی نماز جنازہ اجتماعی طور پر ادا کی گئی، جس میں شہر بھر کے عوام اشکبار آنکھوں سے شریک ہوئے ۔
حادثہ چوٹیاری ڈیم میں نہاتے ہوئے پیش آیا۔اطلاعات کے مطابق کھپرو کے رہائشی چار نوجوان دوست 22 سالہ حافظ محمد عمر راجپوت، 19 سالہ حافظ شاہزیب جٹ، احتشام راجپوت اور امان اللہ راجپوت عیدالاضحی کے دوسرے دن پکنک منانے کے لیے رکشے میں سوار ہو کر چوٹیاری ڈیم پہنچے تھے جہاں نہانے کیلئے ایک نوجوان گہرے پانی میں چلا گیا جسے بچانے کی کوشش میں باقی تین دوست بھی پانی میں ڈوب گئے ۔ مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے چاروں کی لاشیں نکالی گئیں۔ حادثے کی سب سے افسوسناک بات یہ تھی کہ چاروں نوجوان حافظ قرآن تھے اور ان میں سے تین کا تعلق ایک ہی گھرانے سے تھا۔