سندھ کے ملازمین کو ڈسپیرٹی الاؤنس دیا جائے ،تنظیم اساتذہ

سندھ کے ملازمین کو ڈسپیرٹی الاؤنس دیا جائے ،تنظیم اساتذہ

کراچی (این این آئی)قائم مقام صدر تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ لغاری، سیکریٹری پروفیسر عبدالحفیظ احمدانی، سیکریٹری نشرواشاعت سندھ مشرف کریم و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں حکومت سندھ کی جانب سے حالیہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کردیا ۔

 صوبائی رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرز پر سندھ کے ملازمین کو ڈسپیرٹی الانس نہ دینا سنگین نا انصافی ہے ، جس سے سرکاری اساتذہ اور دیگر ملازمین میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے ۔ وفاقی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو خاطر خواہ اضافی مراعات اور ڈسپیرٹی الاؤنس فراہم کیے جارہے ہیں حالانکہ تین صوبوں میں بھی ملازمین کو ڈسپیرٹی الاؤنس دیا جارہا ہے جبکہ سندھ کے سرکاری اساتذہ اور ملازمین اس حق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ تنظیم اساتذہ پاکستان سندھ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وفاقی حکومت کے مساوی ڈسپیرٹی الانس فوری طور پر سندھ کے تمام ملازمین کو دیا جائے ، تنخواہوں میں اضافے کو موجودہ مہنگائی کے تناسب سے حقیقی طور پر بڑھایا جائے ، اساتذہ اور دیگر ملازمین کی معاشی فلاح کے لیے ایک مستقل اور شفاف پالیسی وضع کی جائے ،اگر سندھ حکومت نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہ کی تو تنظیم اساتذہ پاکستان تمام تنظیموں سے مشاورت کرکے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گے اور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں نیز تنظیم اساتذہ پاکستان اساتذہ کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہی ہے اوراٹھاتی رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں