یوم شہادت حضرت عثمان غنی ؓعقیدت واحترام سے منایا گیا
کراچی (این این آئی) اہلسنت والجماعت پاکستان کے تحت ملک بھرمیں یوم عثمان بھرپور طریقہ سے منایا گیا۔مدح صحابہ مطالباتی جلوس نکالے گئے جن میں ہزاروں کارکنان وعوام اہلسنّت نے شرکت کرکے خلیفہ سوم ،صحابی رسول ؐسیدناحضرت عثمان غنیؓ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انکے یوم شہادت پر حکومت سے عام تعطیل کا مطالبہ بھی کیا۔
کراچی میں لسبیلہ چوک نکالے گئے عظیم الشان تحفظ ناموس رسالتﷺو مدح صحابہ مطالباتی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے صدراہلسنت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی،صدر کراچی علامہ رب نوازحنفی ،مولانا محی الدین شاہ، مولانا عادل عمر ودیگر نے کہاکہ سیدنا عثمان غنیؓ 12 سال تک خلیفہ رہے اور کئی ممالک فتح کرکے خلافت اسلامیہ میں شامل کیے ۔سیدنا عثمان کے دور خلافت میں ہی بحری جہاد کا آغاز ہوا۔بحری جہاد کی ابتداکرنے والے لشکر کے لیے جنت کی خوش خبری نبی کریم ؐاپنی لسان مبارکہ سے ارشاد فرما چکے تھے ۔سیدنا عثمان پیکرِشرم وحیا و جود و سخاتھے ۔متعدد مرتبہ نادار اور مجبور مسلمانوں کیلئے اپنا مال فی سبیل اﷲ خرچ کیا اور کئی دفعہ جہاد کے لیے مالی طور پر نبی کریمﷺکی خدمت میں مال و زر پیش کیا۔امامِ جود و سخا، پیکرِ شرم و حیا، کاتبِ ِوحی حضرت سیدنا عثمان ؓ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کردیا لیکن اپنے وطن مدینہ منورہ میں خون نہیں بہایا ۔