میئر باتوں میں تو کراچی کو پیرس بنا چکے ،ترجمان ن لیگ سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے ترجمان اسد عثمانی نے کراچی کے بنیادی شہری مسائل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
گزشتہ روز انہوں نے کہا کہ میئر کراچی باتوں میں تو شہر کو پیرس بنا چکے ہیں، لیکن حقیقت میں کراچی کے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ اپنے بیان میں اسد عثمانی نے سوال اٹھایا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب یہ بتائیں کہ شہر کے کس علاقے کے نلکوں میں پانی آتا ہے ؟ شہر میں آئے روز آبی قلت کے باعث احتجاج ہوتے نظر آتے ہیں،اگر ٹینکروں کو پانی مل سکتا ہے تو گھروں کے نلکوں میں کیوں نہیں؟ اس موقع پر انہوں نے الزام لگایا کہ ناقص سڑکوں اور سیوریج کے تباہ حال نظام کی وجہ سے شہرقائد کے 60 فیصد نوجوان کمر درد جیسے مسائل میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے ترجمان نے مزید کہا کہ شہر میں صفائی نہ ہونے کے باعث نئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں جب کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود شہر قائد کے پارکوں پر کمرشل سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بلدیاتی اداروں کے تحت چلنے والے اسکول اور اسپتال بھی تباہ حالی کا شکار ہیں۔ اسد عثمانی نے میئر کراچی سے مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا پر بیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات کریں اور کراچی کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کریں۔