چینی کی امپورٹ کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے ، محمود مولوی

کراچی (این این آئی)سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ آج تک اس بنیادی حقیقت کا ادراک نہ کر سکی کہ ملک میں امپورٹ اور ایکسپورٹ کس وقت کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ چینی کی امپورٹ کا فیصلہ نہ صرف غیر دانشمندانہ ہے بلکہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس کے پیچھے ممکنہ مالی مفادات چھپے ہیں ۔ محمود مولوی نے واضح کیا کہ حیرت انگیز طور پر یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حکومت کے خود کئی اہم افراد براہ راست یا بالواسطہ چینی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ کئی شوگر ملز مالکان نہ صرف حکمران جماعت کے قریبی ساتھی ہیں بلکہ کچھ تو براہِ راست اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ملک میں پہلے ہی چینی کی مناسب مقدار موجود ہے ، تو پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے ۔