کراچی کیلئے 500ارب روپے مختص کیے جائیں،منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت کراچی کو بجٹ میں ایک بار پھر نظر انداز کرنے ، K-4منصوبے سمیت دیگر منصوبوں کے لیے خاطر خواہ رقم مختص اور کراچی کے لیے کوئی نیا میگا پروجیکٹ شروع نہ کرنے کے خلاف ہفتہ کو مسجد ِ خضراء تا سندھ اسمبلی بلڈنگ تک احتجاجی مارچ کیا گیا۔
منعم ظفر خان نے سندھ اسمبلی کے باہر مارچ کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق و صوبے میں شامل حکمران پارٹیوں پیپلز پارٹی، نواز لیگ اور ایم کیو ایم نے ایک بار پھر کراچی دشمن بجٹ پیش کیا اور بجٹ میں کراچی کو کوئی ریلیف نہیں ملا، 3ہزار ارب روپے کا ٹیکس دینے والا کراچی پانی سے محروم ہے ، انفرا اسٹرکچر تباہ حال، سڑکیں ٹوٹی ہوئی اور ٹرانسپورٹ عملاً موجود نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے فوراور دیگر منصوبوں اور شہر کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے کراچی کے لیے 500ارب روپے مختص کیے جائیں، ٹرانسپورٹ کے لیے 300نہیں 10ہزار بسیں ماسٹر ٹرانزٹ پروگرام اور سرکلر ریلوے بحال کی جائے ، سیوریج اور صفائی ستھرائی کا نظام اور اختیارات ٹاؤن و یوسیز کو منتقل کیے جائیں، گرمی کے موسم میں آدھی آبادی پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے اور حکومتی سرپرستی میں شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے ، جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی حق تلفی ہر گز نہیں ہونے دے گی، وفاق اور صوبے سے اہل کراچی کا حق لے کر رہے گی۔