لیاری حادثہ،ایس بی سی اے افسران سمیت دیگر ملزمان کا جسمانی ریمانڈ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں لیاری بغدادی کے علاقے میں گرنے والی عمارت کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس نے گرفتار نو ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا۔
گرفتار ملزمان میں ایس بی سی اے کے پانچ ڈائریکٹر، دو ڈپٹی ڈائریکٹر، ایک بلڈنگ انسپکٹر اور عمارت کا مالک رحیم بخش شامل ہیں۔ تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ملزمان کے خلاف کتنے مقدمات ہیں، جس پر بتایا گیا کہ ایک مقدمہ درج ہے جو عمارت گرنے کے بعد قائم کیا گیا۔ وکلا صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ عمارت 1986 میں تعمیر ہوئی تھی اور اس کا ریکارڈ ایس بی سی اے کے پاس موجود ہے۔عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ 14 جولائی کو کیس کی ڈائری اور پیش رفت رپورٹ کے ساتھ ملزمان کو دوبارہ پیش کیا جائے ۔