سندھ پولیس ڈرائیونگ اسکول شہریوں کیلئے تحفہ ،وزیر داخلہ

سندھ پولیس ڈرائیونگ اسکول شہریوں کیلئے تحفہ ،وزیر داخلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے سندھ پولیس ڈرائیونگ اسکول کا باقاعدہ افتتاح کردیا،قبل ازیں وزیر داخلہ سندھ کی آمد پر پولیس کے خصوصی دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ نے ڈرائیونگ اسکول کے قیام اور اسکے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ پولیس ڈرائیونگ اسکول شہریوں کیلئے ایک تحفہ ہے ، اسکے قیام اور باقاعدہ قابل عمل ہونے سے تربیت یافتہ ڈرائیورز ہی مختلف وہیکلز چلاسکیں گے ،سڑکوں شاہراہوں کو حادثات سے محفوظ بنانے کیلئے یہ اقدام اشد ضروری تھا۔علاوہ ازیں سندھ پولیس ڈرائیونگ اسکول سے باقاعدہ تربیت کے بعد ڈرائیورز ٹریفک قوانین کی عدم پاسداری کی سوچ خارج از امکان ہوجائیگی جبکہ ڈرائیورز بھی قانون کی پاسداری کو اپنا شعار بنائیں گے ۔مجھے قوی امید ہے کہ کہ آگے چل کر یہی اسکول سندھ پولیس کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ایک ادارے کے طور پر کام کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک مینجمنٹ اینڈ ریگولیٹری نظام کی بہتری کیلئے ہمیں باہم مل کر کام کرنا ہوگا،اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہرممکن تعاون کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے شہر میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ کی کاوشوں کوسراہا۔انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ سرکاری ملازمین پر جرمانے عائد کئے جارہے ہیں جسکا مقصد قانون کی پاسداری جیسے اقدامات کو سرکاری سطح پر بھی یقینی بنانا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں