بھل صفائی، گیٹوں کی مرمت میں کروڑوں کی کرپشن کا الزام
افسران ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے کاغذوں میں کام دکھا کر رقم ہڑپ کرجاتے کام نہ کرانے سے سرکاری مشینری تباہ ہورہی، رہنما کوٹری بیراج ایمپلائز یونین
کوٹری (نمائندہ دنیا) فیڈر ڈویژن کوٹری بیراج ایمپلائز یونین عہدیداران نے محکمہ ایری گیشن کے شعبہ سول میں بھل صفائی اور گیٹوں کی مرمت میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام عائد کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فیڈر ڈویژن کوٹری بیراج ایمپلائز یونین کے عہدیدار جنرل سیکریٹری اشرف کولاچی، صدر اسماعیل خان، قاضی رفیق اوردیگر نے کوٹری پریس کلب پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں نہروں کی بھل صفائی اور گیٹوں کی مرمت کے لئے ہر سال اربوں روپے بجٹ فراہم کئے جاتے ہیں، حکومت کی جانب سے 75 فیصد کام سرکاری مشینری کے ذریعے کرانے کی ہدایت کی جاتی ہے ،مگر افسران ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے تمام کام کاغذوں میں دکھا کر رقم ہڑپ کرجاتے ہیں، جس کی وجہ سے ٹیل کے کاشت کاروں کو پانی کی قلت کا سامنا ہوتا ہے ، اس وجہ سے کاشتکاروں کو نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری مشینری کام نہ کرانے کے سبب تباہ ہورہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرپشن میں چیف انجینئر کوٹری بیراج، چیف انجینئر ڈیولپمنٹ ڈرینج، ایم ڈی سیڈا اور ایگزیکٹیو انجینئر ملوث ہیں ، سیکریٹری ایری گیشن کے واضح احکامات کے باوجود سرکاری مشینری سے کام نہیں کرایا جاتا جس کی وجہ سے ادارے کو کروڑوں روپے نقصان کا سامنا ہے ۔انہوں نے نیب، اینٹی کرپشن و دیگر اداروں سے معاملے کی تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔