پولیس لائٹس لگی کرولا کا استعمال،کروڑوں کی گاڑی چھین لی

پولیس لائٹس لگی کرولا کا استعمال،کروڑوں کی گاڑی چھین لی

ملزمان نے خود کو اے وی ایل سی اہلکار ظاہر کر کے شہری کو زبردستی اغوا کیاواردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس لائٹس لگی گاڑی کا ایک اور واردات میں استعمال، کروڑوں کی گاڑی چھین لی گئی۔تفصیلات کے مطابق گلستانِ جوہر میں پولیس لائٹس لگی گاڑی اور پولیس پی کیپ کا استعمال کرتے ہوئے شہری سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی قیمتی گاڑی چھین لی گئی۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں ملزمان کو مبینہ پولیس اہلکاروں کے روپ میں دیکھا جا سکتا ہے ۔پولیس کے مطابق واردات گزشتہ صبح تقریباً 6 بجے کے قریب پیش آئی، جب ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی، جس پر پولیس لائٹس نصب تھیں، نے گلستانِ جوہر میں فارچونر گاڑی کو رُکنے پر مجبور کیا۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فارچونر کے رکتے ہی مبینہ پولیس موبائل سے مسلح افراد اترے اور گاڑی کے مالک کے قریب آئے ۔ملزمان نے اپنا تعارف اے وی ایل سی پولیس اہلکاروں کے طور پر کرایا اور گاڑی کی تلاشی کے بہانے مالک کو قابو میں لے لیا۔ مسلح ملزمان نے گاڑی کے مالک کو زبردستی اغوا کیا اور قیمتی فارچونر گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گئے ۔پولیس کے مطابق ملزمان بعد ازاں گاڑی کے مالک کو اسکیم 33 کے علاقے میں گاڑی سے اتار کر چھوڑ گئے ، جبکہ قیمتی گاڑی لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں