گل پلازہ میں آگ جان بوجھ کر لگائی گئی،غلام محمد ناز
کراچی(این این آئی) آل پاکستان فائر اینڈ ریسکیو ورکرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین غلام محمد ناز اور سیکریٹری جنرل سید ذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں پیش آنے والی آتشزدگی، ہمارے پیشہ ورانہ تجربے کے مطابق، محض ایک حادثہ نہیں بلکہ آرسن یعنی جان بوجھ کر لگائی گئی آگ یا منظم تخریب کاری کے زمرے میں آتی محسوس ہوتی ہے ۔
آگ کا انتہائی قلیل وقت میں پوری عمارت میں پھیل جانا، زہریلے دھوئیں کی فوری بھرمار، متاثرین کو انخلا کا موقع نہ ملنا اورغیر معمولی جانی نقصان کئی سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے ۔ اسی لیے انکوائری کمیٹیوں میں فائر سیفٹی، فائر انجینئرنگ اور فارنزک فائر انویسٹیگیشن کے غیر جانبدار ماہرین کو شامل کرنا ناگزیر ہے تاکہ اصل حقائق منظرِ عام پر آ سکیں۔ آگ لگنے کے اس واقعے کو پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرنا افسوسناک رویہ ہوگا۔