محکمہ اطلاعات سندھ کا مالی نظم و ضبط سخت کرنے کا فیصلہ

محکمہ اطلاعات سندھ کا مالی نظم و ضبط سخت کرنے کا فیصلہ

گڈ گورننس،شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، ڈی جی ڈاکٹر معیز پیرزادہآڈٹ اعتراضات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے ، متعلقہ افسران کو ہدایات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر معیز پیر زادہ کی سربراہی میں محکمہ جاتی اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی)کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، مالی نظم و ضبط، شفافیت اور احتساب سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ گزشتہ روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نے کہا کہ گڈ گورننس اور شفافیت حکومتی پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پرڈاکٹر معیز پیر زادہ نے ہدایت کی کہ تمام محکمے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنائیں، قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں اور مالی وسائل کے درست استعمال کو ہر صورت ممکن بنایا جائے ۔ اجلاس کے دوران زیر التواء آڈٹ اعتراضات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کے بروقت ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کی گئیں ۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر معیز پیر زادہ نے اس عزم کابھی اظہار کیا کہ محکمہ جاتی اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاسوں کے تسلسل سے نہ صرف مالی شفافیت کو فروغ ملے گا بلکہ ادارہ جاتی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی ۔اجلاس میں ڈائریکٹر انفارمیشن منصور راجپوت ،امتیاز علی جویو،ارشاد چانڈیو،شہزاد شیخ ،ماجد خان ،غلام عباس گوراہو،شبانہ چنا اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں