میرپورخاص :شہریوں کو ہراساں کرنیوالے گروہ کا کارندہ گرفتار

میرپورخاص :شہریوں کو ہراساں کرنیوالے گروہ کا کارندہ گرفتار

نوکری دلوانے ، جیل میں سہولت دلوانے کے نام پر بھاری رقوم وصول کی جاتی تھیںدوران تفتیش مزید ملزموں کی نشاندہی، پولیس نے ملزم رضا کا 3 روزہ ریمانڈ لے لیا

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) میرپورخاص میں حساس اداروں، سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات کے نام استعمال کر کے نوکریاں دلوانے ، شہریوں کو ہراساں اور بلیک میلنگ کے ذریعے کروڑوں روپے بٹورنے والے منظم گروہ کے ایک اور اہم کارندے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں سے پولیس نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ گرفتاری پہلے سے گرفتار ملزم ہمایوں مصطفیٰ گجر کی نشاندہی پر عمل میں آئی، جبکہ نئے گرفتار ملزم کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ۔ابتدائی تفتیش میں ملزموں نے کئی اہم انکشافات کیے ہیں، جن سے معلوم ہوا کہ یہ ایک منظم گروہ ہے جس میں متعدد افراد شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گروہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرتا تھا، جن میں حساس اداروں، پولیس اور دیگر محکموں کے افسران کے جعلی نمبرز دکھائے جاتے تھے ۔ اس طریقے سے لوگوں کو ہراساں کر کے نوکریاں دلوانے ، تعلیمی بورڈز سے نمبر بڑھوانے ، سینٹرل جیل میں سہولیات دلوانے اور فون کال ڈیٹا ریکارڈ نکلوانے کے نام پر بھاری رقوم وصول کی جاتی تھیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم رضا کے موبائل فون سے بڑی تعداد میں ڈیٹا برآمد ہوا ہے جبکہ لوگوں سے رقم وصول کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے ۔ تفتیش کے دوران مزید ملزموں کی نشاندہی کی گئی ہے ، جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں