منی ٹرک نے 6سالہ بچے کو کچل دیا،ڈرائیورفرار
ذیشان پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا ،والد فیکٹری میں ملازم ہیںگلستان جوہر منور چورنگی کے قریب کار کی ٹکر سے 45سالہ راہگیر خاتون چل بسی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں کمسن بچے اور خاتون سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کورنگی مہران ٹائون میں منی ٹرک کی ٹکر سے 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا بچے کی شناخت ذیشان علی کے نام سے ہوئی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے ۔ لواحقین کے مطابق ذیشان پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا بچے کے والد فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں ذیشان صبح گلی میں کھیل رہا تھا کہ متوفی کے پڑوسی جاوید نے اپنا ٹرک نکالنے کے لیے ریورس کیا جس کے نتیجے میں ذیشان ٹرک کے پچھلے ٹائر کے نیچے آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ،حادثے کے بعد ملزم جاوید موقع سے ٹرک لے کر فرار ہوگیا ۔پولیس کے مطابق ملزم کے بھائی ناصر کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا جبکہ ٹرک ڈرائیور کی تلاش کا عمل جاری ہے ۔علاوہ ازیں گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب کار کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق خاتون کی شناخت 45 سالہ نذیرا بی بی کے نام سے ہوئی پولیس نے کار سوار شخص اور اسکی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ، پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب ٹریفک حادثہ تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ ہونے سے بائیک سوار گر کر جاں بحق ہوگیا جاں بحق شخص کی شناخت جمعہ خان کے نام سے ہوئی ۔