انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے ڈکیتی کا مقدمہ دو روز بعد درج
کراچی (آئی این پی)شہر قائد میں انڈے کے ایک تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ دو روز بعد درج کر لیا گیا۔
کورنگی زمان ٹاؤن میں انڈے کے تاجر سے تیس لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، 2 روز قبل پیش آئے اس واقعے کا مقدمہ تاجر اصغر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق تاجر اصغر نے اپنے 2 ملازمین عامر اور عمران کو 30 لاکھ روپے تھیلے میں بھر کر دیے ، ملازمین رقم لے کر بینک میں جمع کرانے جا رہے تھے کہ کورنگی ڈھائی نمبر پر 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے ملازمین کو روکا، اور اسلحہ دکھا کر رقم سے بھرا تھیلا اور موبائل فون چھین کر لے گئے ۔مدعی کے مطابق ڈاکوؤں نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک اور ہیلمٹ پہن رکھے تھے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔