وزرا کا تاجروں کے تحفظات وفاق تک پہنچانے کا اعلان
کاروباری مراکز کی جلد بندش،توانائی بچت پر کابینہ میں بات ہوگی،سعید غنیتاجروں کاکاروباری مراکز کی جلد بندش کا فیصلہ عید بعد تک موخر کرنیکامطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی اور وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر کی تاجر برادری کی مشاورت کے ساتھ ہی ہم تجارتی مراکز کی جلد بندش اور توانائی بچت کے پروگرامز پر عمل درآمد کیلئے وفاق سے بات کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوکمشنر ہاؤس کراچی میں تاجروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر کراچی و دیگر سرکاری اعلیٰ افسران کے علاوہ کراچی بھر کے تاجروں کی نمائندہ تنظیموں کے چیئرمینز ، صدور و عہدیداران موجود تھے۔
اس موقع پر تاجر برادری نے وفاق کی جانب سے کاروباری مراکز کی جلد بندش سمیت دیگر کے حوالے سے صوبائی وزرا کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور استدعا کی کہ سندھ حکومت وفاق سے اپنے اس فیصلے پر فوری نظر ثانی کرکے اس کو عید کے بعد تک موخر کرے جس پر صوبائی وزیر سعید غنی نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اس پر سندھ کابینہ میں بات کرکے وفاق کو تاجروں کے تحفظات سے آگاہ کرکے فیصلے پر نظر ثانی کی استدعا کروائیں گے ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ اس تمام اقدامات کا مقصد جہاں ایران اور امریکہ کی جنگ کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کو پٹرول کی بچت کرکے اور آئل سے بننے والی بجلی کو کم سے کم بنانے کیلئے کیا جارہا ہے ۔