عیدالفطر کی خریداری کیلئے مارکیٹوں میں سکیورٹی کے موثر انتظامات
کراچی(اے پی پی)ڈسٹرکٹ ویسٹ میں رمضان المبارک اور عید کی خریداری کیلئے مارکیٹوں کا رخ کرنے والے شہریوں کی حفاظت کے پیشِ نظر ضلع بھر میں سکیورٹی کے مربوط اور موثر انتظامات کیے گئے ہیں۔
ہفتہ کو ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کی ہدایت پر ضلع کی مارکیٹوں، مساجد، امام بارگاہوں اور اہم عوامی مقامات پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے ، بالخصوص نادرن بائی پاس اور ضلع کے دیگر داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے تاکہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ اہم مقامات، ہاٹ اسپاٹس اور مرکزی شاہراہوں پر پولیس کی جانب سے موثر چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے ۔ شاہین فورس اہلکار گلی محلوں اور اہم شاہراہوں پر مسلسل گشت اور چیکنگ کر رہے ، چیکنگ کے دوران مشکوک افراد اور مشکوک گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جا سکے ۔ایس ایس پی ویسٹ خود تمام سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔