میرپور خاص میں آلودہ پانی شہریوں کی صحت کیلئے بڑا خطرہ
گردے ، مثانے کی پتھریوں کے کیسز بڑھ گئے ، صاف پانی کی عدم دستیابی سبب، ڈاکٹرایک مریض کاکامیاب آپریشن، مثانے سے 2درجن پتھریاں نکالی گئیں، ڈاکٹر بھی حیران
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر میں صاف پانی کی عدم دستیابی سے عوام مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ، جن میں مثانے اور گردے کی پتھریاں نمایاں سامنے آرہی ہیں، اس تشویشناک صورتحال کی عکاسی اس وقت ہوئی جب شہر کے ایک معروف سرجن ڈاکٹر سہیل یوسف نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک مریض کے کامیاب آپریشن کی تفصیلات شیئر کیں، ڈاکٹر سہیل یوسف کے مطابق انہوں نے ایک مریض کے مثانے کا کامیاب آپریشن کیا، اور مثانے سے دو درجن سے زائد پتھریاں نکالیں۔ رابطہ کرنے پر ڈاکٹر سہیل یوسف کا کہنا تھا کہ ایک ہی مریض میں اتنی بڑی تعداد میں پتھریوں کی موجودگی ان کیلئے بھی حیران کن تھی۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں مثانے اور گردوں کی پتھری کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کی بڑی وجہ صاف پانی کی عدم دستیابی اور آلودہ پانی کا استعمال ہے ۔ غیر معیاری پانی میں موجود مضر اجزا انسانی جسم میں جمع ہو کر پتھریوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں جو بعد ازاں سنگین طبی مسائل کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا جدید دور میں بھی عوام کو صاف پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت نہ ملنا لمحہ فکریہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے وقت میں اس طرح کی بیماریوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔