سکھر:جلدی بیماری کے پھیلاؤ پرتشویش، ہنگامی اقدامات کا فیصلہ

سکھر:جلدی بیماری کے پھیلاؤ پرتشویش، ہنگامی اقدامات کا فیصلہ

کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی بھی شرکتبچوں کی اموات کے بعد کیسز کی رپورٹنگ، اسپتالوں کی نگرانی کررہے ، عابد سلیم

سکھر(بیورو رپورٹ)کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں خیرپور میں متعدی جلدی بیماری (ممکنہ طور پر لیجن) کے پھیلائو پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ضلع صحت افسران، ڈبلیو ایچ او، پی پی ایچ آئی اور ای پی آئی، سی ڈی سی اور محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران اور بچوں کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق بیماری سے نوزائیدہ بچوں اور ماؤں کے متاثر ہونے اور چند اموات کی اطلاعات کے بعد صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ اجلاس میں تمام اضلاع میں کنٹرول رومز کے قیام کے علاوہ ایک ڈویژنل کنٹرول روم کے قیام، روزانہ کیسز کی رپورٹنگ، اور سرکاری و نجی اسپتالوں، کلینکس اور میٹرنٹی ہومز کی سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کی جانب سے طبی عملے کی تربیت، مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈز کے قیام اور علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔خیرپور میں خصوصی طور پر کانٹیکٹ ٹریسنگ، سمپلنگ اور متاثرہ علاقوں میں فیومیگیشن مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ، جبکہ سکھر اور گھوٹکی اضلاع میں بھی اسپرے مہم چلائی جائے گی، لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کو مویشیوں کی ویکسی نیشن اور نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی، تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔اجلاس میں نجی صحت مراکز کی کڑی نگرانی، لیبارٹری سہولیات کی بہتری، پی سی آر ٹیسٹنگ، اور ریپڈ رسپانس ٹیموں کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں