سندھ، پنجاب کے کاشتکار رہنماؤں میں ملاقات، زرعی مسائل پرگفتگو

سندھ، پنجاب کے کاشتکار رہنماؤں میں ملاقات، زرعی مسائل پرگفتگو

باہمی تعاون کے ذریعے ملک کی زرعی ترقی کو فروغ دینے ، تعاون بڑھانے پراتفاقتجربات شیئر کرنے سے زرعی شعبے میں جدت اور پیداوار میں اضافہ ہوگا، رہنما

پنگریو (نامہ نگار)سندھ اور پنجاب کے کاشتکاررہنماؤں کے درمیان اہم نشست میں تعاون اور مشترکہ ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز چیئرمین سندھ آبادگار فورم ڈاکٹر افضل آرائیں کی قیادت میں وفد نے سابق صوبائی وزیر پنجاب چوہدری محمد شفیق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات سے کیا۔ اس نشست کا مقصد دونوں صوبوں کے کاشتکاروں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنا، زرعی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا اور باہمی تعاون کے ذریعے ملک کی زرعی ترقی کو فروغ دینا تھا۔ ملاقات میں ملک کی زرعی صورتحال، کسانوں کے مسائل، جدید زرعی تکنیکوں کے فروغ اور پیداوار بڑھانے کے طریقوں پر بات کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے کاشتکار اپنے تجربات اور وسائل کو مشترکہ انداز میں بروئے کار لا کر زرعی شعبے میں جدت، پیداوار میں اضافہ اور ملکی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وفد میں رئیس محمد ارشد چیف آرگنائزر سندھ آبادگار فورم ملتان ریجن، چوہدری خالد چیمہ معروف ایگرو بیس بزنس مین رئیس ایاز اور اسرار چوہان شامل تھے ، جنہوں نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں میں اتحاد اقتصادی بہتری اور کسانوں کی فلاح کیلئے نہایت اہم ہے ۔ ڈاکٹر افضل آرائیں نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے میں ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کی ضرورت ہے ، لیکن کاشتکاروں کے درمیان تعاون اور اتحاد کی فضا بھی اتنی ہی اہم ہے ہم چاہتے ہیں کہ کاشتکاراپنے تجربات، وسائل کو مشترکہ استعمال کریں تاکہ انکی آمدنی میں اضافہ اور پیداوار میں بہتری آئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں