میٹرک امتحانات کل سے شروع ہوں گے ،انتظامات مکمل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترجمان میٹرک بورڈ کراچی کے مطابق نویں و دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے اور تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈغلام حسین سوہوکی درخواست پر گریڈ 19 کے افسر احمد خان چھٹہ کو ناظم امتحانات تعینات کر دیا گیا ہے اور انہوں نے میٹرک بورڈ میں فوری چارج سنبھال لیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ اسماعیل راہو کی ہدایات پر امتحانات سے متعلق مختلف اسکول ایسوسی ایشنز اور دیگر حلقوں کے خدشات فوری طور پر دور کیے جا رہے ہیں جبکہ سرور سے متعلق مسائل بھی حل کر دیئے گئے ہیں۔ اس سے قبل سابق ناظم امتحانات محمد ضیاء الحق نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ دریں اثناء ناظم امتحانات احمد خان چٹھہ نے کہاہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات مؤخر ہونے کی خبریں دم توڑ گئی ہیں، امتحانات موخر ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ میٹرک کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے ہی ہونگے ۔طلباء وطالبات بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنے ایڈمٹ کارڈ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ بورڈ کا پورٹل فعال ہے اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔اساتذہ، والدین و طلبہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔