ناردرن بائی پاس مویشی منڈی کا باقاعدہ افتتاح

ناردرن بائی پاس مویشی منڈی کا باقاعدہ افتتاح

شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ،سلمان مراد شہریوں کے لیے ایک محفوظ اور منظم ماحول فراہم کیا جائے ،ڈپٹی میئر کی ہدایت

کراچی(سٹی ڈیسک )کراچی میں عیدالاضحیٰ کے پیش نظر قائم کی جانے والی ناردرن بائی پاس مویشی منڈی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد تھے ، جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی طارق تنولی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں منڈی کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کروایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی مویشی منڈی کے انتظامات میں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سمیت ملک بھر سے لوگ عیدالاضحیٰ کی خریداری کے لیے اس منڈی کا رخ کرتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ یہاں صفائی، سکیورٹی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا موثر بندوبست کیا جائے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ شہریوں کے لیے ایک محفوظ اور منظم ماحول فراہم کیا جائے ۔ڈپٹی میئر کا مزید کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں اخوت، بھائی چارے اور ایثار کا درس دیتی ہے ۔ اس موقع پر ہمیں چاہیے کہ ہم نہ صرف اپنی مذہبی ذمہ داری ادا کریں بلکہ شہر کے دیگر شہریوں کی خدمت کو بھی اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے ۔تقریب میں بلدیاتی افسران، منڈی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے منڈی کے انتظامات کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں