غیرقانونی لاکھوں لٹر ڈیزل ضبط،متعدد ڈمپنگ پوائنٹس سربمہر
وفاقی حساس ادارے کے ضلعی انتظامیہ اور کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ چھاپے
کراچی(اسٹاف رپورٹر،این این آئی)شہر قائد میں وفاقی حساس ادارے نے ضلعی انتظامیہ اور کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا ہزاروں لیٹر ڈیزل برآمد کرکے متعدد ڈمپنگ پوائنٹس کو سیل کردیا ۔ماڑی پور میں کارروائی کے دوران 3 ٹینکس اور 40 ڈرمز سے تقریبا ً12 ہزار لٹر ڈیزل برآمد کیا گیا۔مجید کالونی سے 3200 سے 3500 لٹر ڈیزل برآمد ہوا، جہاں مجموعی گنجائش 6 ہزار لیٹر سے زائد تھی۔مذکورہ مقام \\\"شاہین آئل ٹریڈرز\\\" کے نام سے چلایا جا رہا تھا۔سول لائن میں گزری مارکیٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ’’النور سی کاسل‘‘ ڈمپنگ پوائنٹ سے تقریبا 10 ہزار 700 لٹر ڈیزل برآمد کیا گیا،بعد ازاں اس ڈمپنگ پوائنٹ کو بھی سیل کردیا گیا۔۔ کیماڑی کے علاقے مواچھ گوٹھ حب ریور روڈ پر کارروائی کے دوران ’’سکندرِ اعظم پٹرولیم سروس‘‘ کے نام سے قائم غیر قانونی ڈمپنگ پوائنٹ سے 17 ہزار لٹر سے زائد ڈیزل برآمد کیا گیا۔ پٹرول پمپ کے مالک جان شیر خان اور عمر کو حراست میں لے لیا گیا۔ڈاکس کے علاقے لاگری گولا اسلامیہ کانٹا کے قریب کارروائی میں 5700 لیٹر ڈیزل برآمد کیا گیا جبکہ تنصیب کو سیل کردیا گیا۔مزید برآں کورنگی کے علاقے ناصر کالونی میں ایک غیر قانونی پیٹرول پمپ پر چھاپہ مارا گیا ،کارروائی کے دوران عملہ فرار ہوگیا تاہم پیٹرول پمپ کو سیل کردیا گیا۔