حیدر آباد :نویں، دسویں کے امتحانات میں کھلے عام نقل جاری

حیدر آباد :نویں، دسویں کے امتحانات میں کھلے عام نقل جاری

موبائل فون کا آزادانہ استعمال، بورڈ کے نقل روکنے کے دعووں کی قلعی کھل گئی بدھ کو میٹرک کلاس فزکس ،آرٹس گروپ کیلئے اسلامک کلچر کے پیپر کا انعقاد کیا گیا

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد کے زیر انتظام حیدرآباد سمیت 9 اضلاع میں نویں دسویں جماعتوں کے امتحانات میں تعلیمی بورڈ کی جانب سے نقل روکنے کے دعووں کی قلعی کھل گئی ۔ امتحانی مراکز پر طلبا کی جانب سے کھلے عام نقل جاری ، موبائل فون کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ تعلیمی بورڈ کی جانب سے بدھ کو میٹرک کلاس فزکس کا پیپر تھا جبکہ آرٹس گروپ کیلئے اسلامک کلچر کے پیپر کا انعقاد کیا گیا ۔ دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود کھلے عام نقل جاری ہے ۔ موبائل فون کا آزادانہ استعمال دیکھنے میں آیا ۔ امتحانات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے مجموعی طور پر 304 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 40 مراکز کو حساس قرار دے کر وہاں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان مراکز پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے ، جبکہ نگران عملہ بھی بڑھایا گیا ہے تاکہ نقل کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے ، مگر ان دعووں کی قلعی کھل گئی ہے ۔ اس سال نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں تقریباً ایک لاکھ 62 ہزار طلبہ اور طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ طلبہ کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ کی جانب سے امتحانی مراکز پر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ امتحانات کا شیڈول دو شفٹوں پر مشتمل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں