سکھر:غیر منظور ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق پبلک نوٹس جاری
عوام قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے سرمایہ کاری سے قبل تصدیق کرلیں، ڈپٹی کمشنرغیر منظور اسکیموں میں تعمیرات انہدامی کارروائی کی زد میں آسکتی ہیں، نادر شہزاد خان
سکھر (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی جانب سے ضلع سکھر کی عوام کو غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں سے خبردار کرنے کے لیے پبلک نوٹس جاری کر دیا گیا۔ شہریوں کو تاکید کی گئی کہ وہ کسی بھی پراپرٹی میں سرمایہ کاری سے قبل مکمل تصدیق ضرور کریں تاکہ مالی نقصان اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر سکھر کے مطابق عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف انہی ہاؤسنگ منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں جنہیں متعلقہ اداروں سے منظوری حاصل ہو، کیونکہ غیر منظور شدہ اسکیموں میں سرمایہ کاری سے مالی نقصان، قانونی کارروائی، حتیٰ کہ تعمیرات کے انہدام جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ خریداری سے قبل زمین کی ملکیت اور ٹائٹل کی تصدیق متعلقہ مختارکار کے دفتر سے کروائیں، تعمیر شدہ یونٹس کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) سے منظور شدہ نقشہ چیک کیا جائے این او سی (NOC) کی موجودگی اور اس کی حیثیت کی تصدیق کی جائے ،الاٹمنٹ لیٹر مکمل قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد حاصل کیا جائے ، بجلی، گیس، پانی اور سیوریج سمیت تمام یوٹیلیٹی کلیئرنسز چیک کی جائیں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں ہاؤسنگ اسکیموں کے مالکان، ڈویلپرز اور مارکیٹنگ ایجنسیوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر این او سی کے کسی بھی منصوبے کی تشہیر، بکنگ یا فروخت فوری طور پر بند کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔