جیکب آباد:آسیہ کھوسو کیس میں 8ملزموں کی درخواست ضمانت دائر

جیکب آباد:آسیہ کھوسو کیس میں 8ملزموں کی درخواست ضمانت دائر

سیشن جج کی عدالت میں سماعت، کارروائی 4مئی تک ملتوی، وکلا حتمی دلائل دینگےنامزد افراد کیخلاف ڈی این اے اور کیمیکل شواہد کی رپورٹس میچ نہیں ہوئیں، وکیل

جیکب آباد (نمائندہ دنیا) آسیہ کھوسو اجتماعی زیادتی کیس میں نامزد 8 ملزموں نے جیل سے اپنے وکیل کے ذریعے ضمانت کی درخواست دائر کر دی، جس پر فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں سماعت ہوئی، عدالت نے فریقین کو سننے کے بعد مزید کارروائی 4 مئی تک ملتوی کر دی، جہاں وکلا اپنے حتمی دلائل پیش کریں گے ، نامزد ملزمان میں سب انسپکٹر محمد نواز بروہی، اے ایس آئی محراب سندرانی، اہلکار مقصود سنجرانی، غلام یاسین، خادم حسین، عبدالنبی، برکت علی اور میر حسن شامل ہیں، جنہوں نے اپنے وکیل محمد اعظم عاربانی کے معرفت ضمانت کی درخواست جمع کرائی، سماعت کے دوران فریادی کی جانب سے وکیل خیر محمد سولنگی پیش ہوئے اور عدالت سے تیاری کیلئے مہلت مانگی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ ملزموں کے وکیل محمد اعظم عاربانی کا کہنا ہے کہ آسیہ کھوسو کیس میں نامزد افراد کیخلاف ڈی این اے اور کیمیکل شواہد کی رپورٹس میچ نہیں ہوئیں جس کے ثبوت بھی عدالت میں جمع کرا دیے ہیں، ان کے مطابق آئندہ سماعت پر وکلا دلائل دینگے جس کے بعد عدالت فیصلہ سنائے گی۔ کیس 20 جنوری کو عدالتی حکم پر ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا تھا، ایف آئی اے کی جانب سے ابتدائی چالان پیش کیا جاچکا، تاہم تاحال حتمی چالان عدالت میں جمع نہیں کرایا گیا، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے حتمی چالان جمع کرانے کی متعلقہ عدالت سے متعدد بار مہلت مانگی، جس پر عدالت نے 11 مئی تک چالان جمع کرانے کی آخری مہلت دیدی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں