صوفی بزرگ بیدل بیکس کا سالانہ عرس کل سے شروع ہوگا
تیاریاں مکمل، متولیان کی عقیدتمندوں، صوفیا، علماء کوتقریبات میں شرکت کی دعوت
سکھر(بیورو رپورٹ)صوفی بزرگ حضرت فقیر قادر بخش بیدلؒ کے سالانہ عرس مبارک کی تیاریوں کے سلسلے میں سکھر پریس کلب میں درگاہ کے متولیان اور فقیرانِ بیدل بیکس خاندان کے فقیر بیدل قریشی، فقیر غلام انور قریشی اور فقیر عبداللہ بیدل قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حضرت کا 158واں عرس مبارک 2، 3اور 4 مئی 2026ء کو درگاہ حضرت قادر بخش بیدل بیکسؒ پر منایا جائے گا۔ انہوں نے تمام عقیدت مندوں، صوفیاء اور علماء کو عرس کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔پریس کانفرنس کے دوران متولیان نے بعض عناصر کی جانب سے عرس مبارک اور درگاہ کے انتظامات کے حوالے سے پھیلائی گئی افواہوں کی سختی سے تردید کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچھ عرصے سے چند افراد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کا حوالہ دے کر غلط پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ 2022ء میں مخالف فریق نے غیر قانونی طریقے سے انتظام سنبھالنے کی کوشش کی تھی، جس کے خلاف سول کورٹ روہڑی میں درخواست دائر کی گئی تھی، جسے عدالت نے شواہد اور حقائق کی بنیاد پر خارج کر دیا تھا۔ متولیان نے زور دے کر کہا کہ عدالتی احکامات میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا کہ وہ عرس منعقد نہیں کر سکتے ، یہ صرف مخالفین کا پھیلایا گیا پروپیگنڈا ہے ۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ عرس کے انتظامات اور فنڈز کی نگرانی کے لیے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے چیف مانیٹرنگ آفیسر (سی ایم او) حاجی صدیق بُرڑو کو مقرر کیا گیا ہے۔