صنعتی علاقوں کا پانی مسلسل بند، بنیادی سہولتیں بھی تباہ، تاجر رہنما
متعلقہ اداروں کی سنگین غفلت پرچیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن کا اظہار تشویشصنعتی مستقبل کو دانستہ طور پر سنگین خطرات سے دوچار کیا جا رہا ، زبیر گھانگھرا
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری، زبیر گھانگھرا نے کاف کاٹ صنعتی علاقے میں پانی کی مسلسل بندش، بنیادی سہولیات کی تباہی اور متعلقہ اداروں کی سنگین غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے صنعتی مستقبل کو دانستہ سنگین خطرات سے دوچار کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاف کاٹ صنعتی زون، جہاں تقریباً 25 صنعتی یونٹس اور سینکڑوں مزدور وابستہ ہیں، کافی عرصے سے پانی کی مسلسل بندش سے بدترین بحران کا شکار ہے ، جس کے نتیجے میں صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر، پیداواری عمل مفلوج اور کاروباری اعتماد تباہ ہو رہا ہے ۔ زبیر گھانگھرا نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ فتح چوک کے مقام پر کاف کاٹ ایریا کو فراہم کی جانے والی پانی کی مرکزی لائن بند یا معطل ہے ، جس کے باعث پورا صنعتی علاقہ پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی مسلسل بندش نہ صرف صنعتکاروں کیلئے معاشی تباہی کا باعث ہے بلکہ وہاں کام کرنے والے مزدوروں کی زندگیوں، صحت اور روزگار کیلئے بھی شدید خطرہ بن چکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈس انک لائن میں قائم مرکزی واٹر اسٹوریج ٹینک انتہائی خستہ ہے ، اس کی چھت منہدم ہو چکی، صفائی و دیکھ بھال کا نظام ناکام ہے ، جبکہ کچرے ، گندگی، تعفن اور آلودگی نے اس پورے نظام کو انسانی استعمال کیلئے خطرناک بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائر تک آوارہ اور جنگلی جانوروں کی رسائی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔