انجینئرنگ فیکلٹی نے زیادہ ٹرافیاں جیتیں،چانسلر سعدیہ راشد کی شرکت

 انجینئرنگ فیکلٹی نے زیادہ ٹرافیاں جیتیں،چانسلر سعدیہ راشد کی شرکت

کھیل صحت مند سرگرمیوں کا محور اور طلباء کا بنیادی حق ، ڈاکٹر عمران امین

کراچی(سٹی ڈیسک)ہمدرد یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے جمعرات کو اسٹوڈنٹ اسپورٹس ویک 2026 کے اختتام پر تمام فیکلٹیز میں سب سے زیادہ چیمپئن شپ کے ایوارڈز حاصل کرکے بہترین فیکلٹی کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ یونیورسٹی میں طلباء ہفتہ کھیل کے اختتام پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی کی چانسلر سعدیہ راشد (ہلال امتیاز)تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین، ایم ڈی اینڈ سی ای او فاطمہ منیر احمد، سی او او فیصل ندیم منگوریا،گروپ ڈائریکٹر ایچ آر ابو طالب بھٹو اور رجسٹرار سید فیض اللہ جواد نے خصوصی شرکت کی اور کامیاب طلباء میں ایوارڈز اور ٹرافیز تقسیم کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عمران امین نے جیتنے والی تمام ٹیموں اور ایونٹ کے آرگنائزر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ مارکیٹنگ شہریار پاشا اور ان کی ٹیم کو بہترین ایونٹ آرگنائز کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال منعقد ہونے والا اسٹوڈنٹ ویک یونیورسٹی کے طلباء کا حق اور صحت مند سرگرمیوں کا محور ہے جس سے ان کی غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیل صرف کھیل ہوتا ہے ، ہار اور جیت کوئی معنی نہیں رکھتی۔ ہفتہ طلباء کے دوران اِن ڈور اور آؤٹ ڈور گیمز منعقد ہوئے جس میں یونیورسٹی کی تمام سات فیکلٹیز بشمول نرسنگ نے بھی بھرپور حصہ لیا ۔ہفتہ کھیل کے دوران کرکٹ، فٹبال،باسکٹ بال، فٹسال، بیڈ منٹن،ٹیبل ٹینس، تھرو بال، لڈو،والی وال اور شطرنج کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں