دسویں جماعت کے طلبہ سے جون،جولائی کی فیس وصولی پرکارروائی کافیصلہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے ایسے نجی اسکولوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران دسویں جماعت کے طلبہ سے جون اور جولائی 2026ء کی فیسیں وصول کرلی ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی ایڈیشنل رجسٹرار پروفیسر رفیعہ ملاح نے اسکول کے سربراہوں کے نام ایک گشتی مراسلے میں کہا ہے کہ یہ شکایات مسلسل موصول ہو رہی ہیں کہ نجی اسکولوں نے ان طلبہ سے جو اس سال دسویں کلاس کے امتحانات میں شریک ہوئے ہیں ان سے فیس غیر قانونی طور پر وصول کر لی گئی ہے ۔مراسلے میں کہا گیا کہ اسکول انتظامیہ اس غیر قانونی فیس وصولی کے حوالے سے یہ مؤقف پیش کر رہی ہے کہ طلبہ عملی امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں، لہٰذا یہ فیس وصولی اس مقصد کے لیے ہے جو کہ سراسر غیر قانونی ہے۔