گھوٹکی، سجاول میں ڈکیتی مزاحمت، زمین کے تنازع پر2قتل
کامران کوسرحد میں ڈاکوؤں نے گولی ماری، ورثا کا لاش سمیت قومی شاہراہ پراحتجاجچوہڑ جمالی میں چچا نے بھتیجا قتل کیا، محراب پور میں گروہی تصادم، متعدد افراد زخمی
اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)گھوٹکی اور سجاول میں 2افراد کو قتل کردیا گیا، جبکہ روہڑی میں نوجوان نے خودکشی کرلی، ادھر محراب پور میں گروہی تصادم سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ گھوٹکی میں سرحد کے نواحی علاقے ہاسیجا مہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کر دیا، ورثا اور علاقہ مکینوں نے لاش رکھ کر کرنل موڑ کے مقام پر قومی شاہراہ بلاک کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے نوجوان کامران میمن سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی تھی۔ ورثا نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
ادھر سجاول میں چوہڑ جمالی کے قریب روڈ موری اسٹاپ کے مقام پر زمین کے تنازع پر چچا عبداللہ لاکھاٹیو نے اپنے 18 سالہ بھتیجے نظیر لاکھاٹیو پر گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کی وجہ زمین کا تنازع ہے ، تاہم واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ سکھر کی نواحی تحصیل صالح پٹ کے علاقے آر ڈی 186کے گاؤں گل بیگ سومرو میں 25 سالہ نوجوان محمد خان ولد بادشاہ ڈنو سومرو نے بے روزگاری اور گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر پستول سے خود پر فائر کرکے خودکشی کرلی۔ محراب پور میں نیو جتوئی تھانے کی حدود گاؤں ابراہیم چانڈیو میں چانڈیو برادری کے درمیان پرانے تکرار پر تصادم ہوگیا جس میں گولیاں چل گئیں ، پولیس کے مطابق گولی لگنے سے طارق چانڈیو سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا ہے۔