اورنگی میں اہلیہ کے قتل کا ملزم عدالت میں مکر گیا
پولیس اعترافی بیان دینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے ،ملزم اصغر علیملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کرنے سے انکار ،عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن میں اہلیہ کے قتل کے الزام میں گرفتار بزرگ ملزم اصغر علی عدالت میں مکر گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے ملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کرنے سے انکار کرتے ہوئے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ تفتیشی افسر نے ملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم اعتراف جرم کرنا چاہتا ہے تاہم ملزم نے عدالت کے سامنے قتل یا کسی بھی جرم کا اعتراف کرنے سے انکار کردیا۔
ملزم اصغر علی نے مجسٹریٹ کو بتایا کہ پولیس اس پر اعترافی بیان دینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے ۔ اس کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے کہا تھا کہ اگر وہ اعتراف کرلے تو کسی اور شخص کو مقدمے میں ملوث نہیں کیا جائے گا اور بعد ازاں اسے رہا بھی کردیا جائے گا۔ ملزم نے مزید بیان دیا کہ تھانے میں بھی اس پر دباؤ ڈالا گیا جبکہ اسے یہ معلوم نہیں کہ مقتولہ کی موت کیسے ہوئی۔ اس نے عدالت کو بتایا کہ وقوعہ کے وقت وہ ہوش و حواس میں نہیں تھا، اس لیے کسی واقعے سے متعلق درست معلومات نہیں دے سکتا۔ عدالت نے ملزم کے بیان اور قانونی تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ چونکہ ملزم رضاکارانہ طور پر اعتراف جرم کرنے پر آمادہ نہیں، اس لیے اعترافی بیان ریکارڈ نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔