اسکول ٹیچر کی تقرری سے متعلق درخواست مسترد
درخواست گزار مقررہ وقت پر اہلیت کی شرائط پوری نہیں کرتا تھا ،عدالت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پرائمری اسکول ٹیچر کی تقرری سے متعلق دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ درخواست گزار مقررہ وقت پر اہلیت کی شرائط پوری نہیں کرتا تھا اور ملازمت کے لیے درخواست دیتے وقت اہم حقائق بھی ظاہر نہیں کیے گئے ۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کو دہرے ڈومیسائل کے الزام کی بنیاد پر امتحان میں کامیابی کے باوجود تقرری لیٹر جاری نہیں کیا گیا۔
وکیل کے مطابق درخواست گزار کراچی منتقل ہونے کے بعد رحیم یار خان کا ڈومیسائل منسوخ کروا چکا تھا، اس کے باوجود اس کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ قانون کے مطابق ایک شہری صرف ایک ڈومیسائل اور ایک پی آر سی رکھنے کا حق رکھتا ہے اور متعدد ڈومیسائل حاصل کرنے یا استعمال کرنے کی کسی قانون میں اجازت موجود نہیں۔ درخواست گزار نے ملازمت کے لیے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں۔بادی النظر میں درخواست گزار نے ملازمت کے حصول کے لیے اہم حقائق چھپائے اور دوسرے صوبے کا فعال ڈومیسائل رکھنے کے باوجود اس حقیقت کو ظاہر نہیں کیا۔ غلط معلومات فراہم کرنا امیدوار کی نااہلی کے لیے کافی بنیاد ہے۔