سکھر:غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف تاجر اتحاد کا گھنٹہ گھر پراحتجاج

سکھر:غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف تاجر اتحاد کا گھنٹہ گھر پراحتجاج

ٹرپنگ، اوور بلنگ کیخلاف نعرے ، لوڈ شیڈنگ سے کاروبار تباہ ہوگئے ، آغا ایوبایکسپریس فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا، سیپکو یقین دہانیاں بے اثر، خطاب

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ،ٹرپنگ اوور بلنگ سمیت سیپکو کی زیادتیوں کیخلاف آل سکھر تاجر اتحاد کے زیر اہتمام مختلف تاجر تنظیموں نے شہر کے مرکزی کاروباری علاقے گھنٹہ گھر چوک پر مظاہرہ کرتے ہوئے فلک شگاف نعریبازی کی، شرکا نے پلے کارڈ و بینرز اٹھا رکھے تھے ، مظاہرے کی قیادت آل سکھر تاجر اتحاد کے رہنما آغا محمد ایوب شاہ،میر عبد الرحمن مینگل ،حاجی پرویز چنہ،شبیر میمن سمیت دیگر تاجر رہنما کررہے تھے ۔ اس موقع پر آغا محمد ایوب شاہ ودیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے تاجروں اور عوام کا جینا محال کررکھا ہے جس سے تاجر اور عوام کی روز مرہ کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف شدید لوڈ شیڈنگ کی انتہا ہے تو دوسری طرف ہرآدھے گھنٹے بعد بجلی کی دس منٹ ٹرپنگ کوبھی معمول بنا دیا گیا، جس سے کاروبار تباہ ہوگئے ، تاجر برادری سمیت عوام کو اضافی ریڈنگ کے بلز بھیجے جارہے ہیں، ایکسپریس فیڈرز پربھی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا ہوچکی، بجلی مسائل کے حوالے سے متعدد بار سیپکو افسران سے ملاقاتیں کیں، ہر بات یقین دہانی کرانے کے بعد بھی مسائل جو کے توں ہیں، شکایات کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں، بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ سے اسپتالوں میں مریض بھی انتہائی پریشان ہیں اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے مریضوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ، ضروری مرمت کا بہانہ بنا کر آٹھ آ ٹھ گھنٹے بجلی بند کر دینا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے ، جس کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سکھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ٹرپنگ اوور بلنگ ودیگر مسائل فوری حل کئے جائیں ورنہ پر امن احتجاج ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں