10افغان باشندے اور انہیں رہائش دینے والا گودام مالک گرفتار
کراچی(این این آئی)شرافی گوٹھ پولیس نے افغان باشندوں کے خلاف جاری کریک ڈاون کے باوجود غیر قانونی طور پر 10 افغان باشندوں اور انھیں رہائش فراہم کرنے والے گودام کے مالک کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے مطابق شرافی گوٹھ پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر اسمعیل گوٹھ اندرون گتا کباڑ کے گودام پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر مقیم 10 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ان کی شناخت اویس، عبدالرحمن، اسمعیل، شمس الدین، احسان اللہ، حبیب اللہ، شیر خان، عاصم، عطا اللہ اور محمد خان کے ناموں سے ہوئی۔ترجمان کے مطابق گرفتار 10 افغان شہریوں کے پاس پاکستان میں رہنے کی کوئی قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں، شرافی گوٹھ پولیس نے ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو بغیر کسی قانونی کوائف اور تصدیق کے اپنے پاس رہائش فراہم کرنے کے جرم میں گتا کباڑ گودام کے مالک اختر کو بھی گرفتار کر لیا۔