اراکین پریس کلب کیلئے سندھی لینگویج کلاسزکا فیصلہ

اراکین پریس کلب کیلئے سندھی لینگویج کلاسزکا فیصلہ

تین ماہ پر مشتمل کورس ہوگا، ہفتے میں دو روز کلاسز کے انعقاد پر اتفاق ضرورت کے مطابق آن لائن تعلیمی مواد بھی شرکا سے شیئر ہوگا،اجلاس

کراچی(این این آئی)کراچی پریس کلب کے ارکان کو سندھی زبان سکھانے کے لیے تین ماہ پر مشتمل سندھی لینگویج کورس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں رجسٹرڈ ارکان کا تعارفی اجلاس کراچی پریس کلب میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے رکن اور سندھی لینگویج کورس کے آرگنائزر جاوید مہر نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھی لینگویج اتھارٹی کے تعاون سے کلب کے ارکان کے لیے تین ماہ پر مشتمل کورس شروع کیا جا رہا ہے ۔ کلاسز کے لیے مقرر کیے گئے استاد ڈاکٹر محمد قاسم راجپر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ کراچی پریس کلب کے ارکان کو بنیادی سندھی زبان سکھانے کی ذمہ داری ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق آن لائن تعلیمی مواد اور دیگر معلومات بھی شرکاء کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔اس موقع پر سینئر صحافی عامر لطیف نے تجویز پیش کی کہ کراچی پریس کلب کے ارکان کے بچوں کے لیے بھی سندھی زبان کی کلاسز شروع کی جائیں۔سیکریٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے کہا کہ سندھی زبان سیکھنے سے رپورٹرز اور سب ایڈیٹرز کو پیشہ ورانہ طور پر بھی فائدہ ہوگا۔صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی نے کہا کہ سندھی زبان انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔اجلاس میں ہفتے میں دو روز سندھی زبان کی کلاسز منعقد کرنے  پر اتفاق کیا گیا۔تعارفی اجلاس میں پریس کلب کے سابق صدر سعید سربازی، کے یو جے کے صدر نصراللہ چوہدری،عبدالرحمن سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...