مہنگی اشیائے خورونوش عوام کامعاشی قتل ،ایم کیوایم

مہنگی اشیائے خورونوش عوام کامعاشی قتل ،ایم کیوایم

ایک سال میں پیاز 132 فیصد، ٹماٹر 93 فیصد اور آٹا 62 فیصد مہنگا ہوگیامہنگائی کا بوجھ براہِ راست عام آدمی پر منتقل ، وزیراعظم نوٹس لیں، اراکین اسمبلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی نے ملک میں کمر توڑ مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے فوری مداخلت اور عوام کو عملی ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 132.52 فیصد، ٹماٹر میں 93.21 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 62.25 فیصد اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اس قدر اضافے کو عوام کا معاشی قتلِ عام قرار دیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسی عرصے میں ایل پی جی کی قیمت میں 51.69 فیصد، ڈیزل میں 33.08 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 27.65 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں نقل و حمل اور پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہوا اور مہنگائی کا بوجھ براہِ راست عام آدمی پر منتقل ہوگیا۔حق پرست اراکین نے کہا کہ کیلے کی قیمت میں 17.66 فیصد، مٹن میں 15.98 فیصد اور بیف میں 13.54 فیصد اضافہ بھی عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث بنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود پیمانے پر بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی ضرور ریکارڈ کی گئی تاہم بنیادی اشیائے خورونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے نے اس معمولی ریلیف کے اثرات بھی زائل کردیے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...