گارڈن پمپنگ اسٹیشن21سال بعد بحال،پانی کی سپلائی شروع،تین لاکھ شہری مستفید ہوں گے
منصوبے پر 3 کروڑ 2 لاکھ 50 ہزار روپے لاگت آئی، پمپنگ اسٹیشن کے سول اسٹرکچر، پینل روم، اسٹاف روم اور چار دیواری کی مکمل مرمت کی گئی ،دو نئے موٹر کنٹرول بورڈز نصب
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گارڈن واٹر پمپنگ اسٹیشن کی مکمل بحالی کے بعد افتتاح کردیا۔ اس موقع پر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل کے اراکین اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گارڈن پمپنگ اسٹیشن 2005 میں نصب کیا گیا تھا، تاہم کے الیکٹرک سے بجلی کا کنکشن دستیاب نہ ہونے کے باعث اس کی مشینری آپریشنل نہیں ہوسکی تھی۔ پمپنگ اسٹیشن کی بحالی پر مجموعی طور پر 3 کروڑ 2 لاکھ 50 ہزار روپے لاگت آئی ہے ۔ بحالی کے منصوبے کے تحت پمپنگ اسٹیشن کے سول اسٹرکچر، پینل روم، اسٹاف روم اور چار دیواری کی مکمل مرمت کی گئی ہے جبکہ 125 ہارس پاور کے دو الیکٹرک موٹرز کی ری وائنڈنگ اور بال بیرنگز کی تبدیلی کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے ۔ دو نئے موٹر کنٹرول بورڈز نصب کیے گئے ہیں اور مختلف سائز کی پی وی سی اور ایل ٹی کیبلز کی فراہمی و تنصیب بھی عمل میں آئی ہے ، گارڈن پمپنگ اسٹیشن سے 24 انچ قطر کی لائن کے ذریعے نشتر روڈ، گارڈن، گھاس منڈی، گھانچی پاڑہ، رنچھوڑ لائن، رامسوامی اور ملحقہ علاقوں کو پانی فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح مرزا آدم خان روڈ، دھوبی گھاٹ، لیاری اور ملحقہ علاقوں کو بھی پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔ مذکورہ علاقوں کے تقریباً 3 لاکھ شہری مستفید ہوں گے اور پانی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments