میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کا شیڈول جاری
جاری شیڈول کے تحت آن لائن درخواستوں کا عمل کل سے شروع ہوگا 24 نومبر تک آفیشل ویب سائٹ پر درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں،جے ایس ایم یو
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) نے تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے سندھ بھر کے نجی شعبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کا شیڈول جاری کر دیا ہے ، جس کے تحت آن لائن درخواستوں کا عمل منگل (کل)سے شروع ہوگا۔داخلہ شیڈول کے مطابق، امیدوار 24 نومبر 2026 تک یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔اہلیت کے معیار کے تحت، درخواست دہندگان کا ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پری میڈیکل یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہے ۔امیدواروں کا 2024، 2025 یا 2026 میں منعقد ہونے والا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) پاس ہونا بھی ضروری ہے ، جس میں ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے کم از کم 55 فیصد اور بی ڈی ایس پروگراموں کے لیے کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کیے گئے ہوں۔جو امیدوار ایم بی بی ایساور بی ڈی ایسدونوں پروگراموں میں داخلہ لینا چاہتے ہیں، انہیں الگ الگ درخواست فارم جمع کروانے ہوں گے ۔جے ایس ایم یو نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ (ڈیڈ لائن) سے قبل اپنی درخواستیں مکمل کر لیں،نامکمل یا تاخیر سے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں 2026 کے ایم بی بی ایس داخلوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر نشستوں کی الاٹمنٹ کا آخری مرحلہ جاری ہے ، جس کے تحت چار سرکاری میڈیکل اداروں میں امیدواروں کو نشستیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments