ایف آئی ا ے کا چھاپہ، کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر3 ملزمان گرفتار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں جعلی اشیاء اور مشینری بھی ضبط کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات پر ایف آئی اے ٹیم نے سائٹ ایریا کے علاقے میٹروول تھری میں کارروائی کی۔ چھاپہ اٹلس ہونڈا کے مجاز نمائندے غلام مرتضیٰ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر مارا گیا۔شکایت میں اٹلس ہونڈا کے رجسٹرڈ کاپی رائٹ اور مصنوعات کے آرٹسٹک ورک کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کے دوران کاپی رائٹ کی خلاف ورزی سے متعلق اشیاء، مشینری اور آلات قبضے میں لے کر تین ملزمان سید آصف علی، سید انس علی اور سید اسفند علی کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل منتقل کردیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments