سکھر:ترقیاتی اسکیمیں افسران کی مبینہ ملی بھگت کی بھینٹ چڑھ گئیں
ٹینڈرز اجرا میں بے قاعدگیوں کی انکوائری مکمل نہ ہو سکی، 2ماہ سے کام بند،شہری پریشان حکومت انکوائری کرا کر ملوث افسران کیخلاف کارروائی، اسکیموں کا کام شروع کرائے ، شہری
سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میں کروڑوں روپے مالیت کی ترقیاتی اسکیمیں افسران کی مبینہ ملی بھگت اور بے قاعدگیوں کی بھینٹ چڑھ گئیں۔ ٹینڈرز کے اجرا میں سنگین بے قاعدگیوں کے انکشاف پر ڈپٹی کمشنر نے کام بند کرا دیا، لیکن 2ماہ گزرنے کے باوجود انکوائری مکمل ہوئی نہ کام بحال ہوا۔ ذرائع کے مطابق اسکیموں کے ٹینڈرز کے دوران متعلقہ ایک ای این سکھر بلڈنگز کی جانب سے مبینہ طور پر تمام قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھ دیا گیا۔ ٹینڈرنگ میں شفافیت، میرٹ اور سیپرا رولز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، متعلقہ حلقوں کے شدید اعتراض پر معاملہ اعلیٰ حکام تک پہنچ گیا،ایڈیشنل کمشنر کی جانب سے بھی اس حوالے سے باضابطہ لیٹر جاری کیا گیا، مگر حیران کن طور پر اس لیٹر پر بھی کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔ وہ اسکیمیں جن سے عوام کو سڑکوں کی تعمیر، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات ملنا تھیں، وہ دو ماہ سے مکمل طور پر رکی پڑی ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ ایکس ای این سے موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، مگر کچھ بھی بتانے سے گریز کیا۔ سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور کمشنر سے مطالبہ کیا کہ ٹینڈر بے قاعدگیوں کی فوری انکوائری کرا کر ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور رکی ہوئی اسکیموں کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کرا کر عوام کو ان کا حق دیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments