انتظامی یونٹس کیخلاف نہیں، آئینی طریقہ اپنایا جائے ، پی پی رہنما
آئینی حدود نظرانداز کرنے سے معاشرے میں نفرتیں جنم لیں گی، بابر لوند
میرپور ماتھیلو (نمائندہ دنیا)پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر میر بابر علی لونڈ نے کہا ہے کہ ہم انتظامی یونٹس کے قیام کے مخالف نہیں، تاہم اس کے لیے اختیار کیا جانے والا طریقہ کار درست ہونا چاہیے ۔ پیپلزپارٹی آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور تمام فیصلے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کرنے کی حامی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30 نومبر کو پیپلزپارٹی کے 59ویں یومِ تاسیس کے سلسلے میں منعقد ہونے والے جلسے کے مقام کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میر بابر علی لونڈ کا کہنا تھا کہ آئین سیاست کی روح ہے ، آئینی حدود کو نظرانداز کرنے سے معاشرے میں نفرتیں جنم لیں گی اور بھائی کو بھائی کے خلاف کھڑا کرنے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین معاشی چیلنجز سے دوچار ہے ، ایسے حالات میں کوئی بھی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے جو آئین کی روح اور قومی یکجہتی کے منافی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی چیئرمین پہلے ہی صوبوں سے متعلق معاملات پر پیپلزپارٹی کا واضح مؤقف پیش کر چکے ہیں۔ تمام فیصلے آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments