ڈیڑھ کروڑ بچوں کے نایاب امراض میں مبتلا ہونیکا خدشہ
رشتہ داروں میں شادیاں،آگاہی کا فقدان اور مہنگے علاج سے صورتحال سنگین تشخیص اور مفت علاج کا خصوصی مرکز قائم کریں گے ، پروفیسر جاوید اکرم
کراچی(سٹی ڈیسک)پاکستان میں 85 لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ بچے نایاب امراض میں مبتلا ہوسکتے ہیں جبکہ قریبی رشتہ داروں میں شادیوں کی بلند شرح، جینیاتی مشاورت اور آگاہی کا فقدان، تشخیص کی ناکافی سہولیات، ادویات کی عدم دستیابی اور مہنگے علاج کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار معروف طبی ماہرین نے اسنیئر کے زیر اہتمام جمعہ سے شروع ہونے والی نایاب اور جینیاتی امراض کی کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفنگ میں کیا۔ ماہرین نے مریضوں کو مفت یا سستی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔میڈیا بریفنگ سے اسنیئر کے صدر پروفیسر جاوید اکرم، کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر جمال رضا، نائب صدر پروفیسر ہما ارشد چیمہ اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری ڈاکٹر خالد شفیع نے خطاب کیا۔پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نایاب امراض اتنے نایاب نہیں جتنے سمجھے جاتے ہیں، درحقیقت ان امراض کی تشخیص شاذ و نادر ہی ہو پاتی ہے ۔ کئی بچے انتقال کر جاتے ہیں لیکن موت کی اصل وجہ بھی معلوم نہیں ہو پاتی ۔پروفیسر جاوید اکرم نے کراچی میں نایاب امراض کی تشخیص اور علاج کیلئے خصوصی مرکز قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی تعمیر اور فنڈنگ کی ذمہ داری ان کی تنظیم اٹھائے گی، جہاں مریضوں کو تشخیص اور علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments