لاہور کالج ویمن یونیورسٹی میں جدید سولرسسٹم کا افتتاح
تعلیمی اداروں کے شمسی توانائی پر منتقلی اقدامات جاری:صوبائی وزیر فیصل کھوکھر
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )صوبائی وزیر توانائی پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں 920کلوواٹ کے جدید سولر پی وی سسٹم کا افتتاح کیا۔ منصوبے سے یونیورسٹی کو صاف اور قابلِ تجدید توانائی فراہمی کیساتھ بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ سولر سسٹم سے سالانہ تقریباً 12 لاکھ 40 ہزار یونٹ بجلی پیدا ہوگی، جس سے یونیورسٹی کو سالانہ کروڑوں کی بچت متوقع ہے ۔ فیصل ایوب کھوکھر نے خطاب کرتے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے کے تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت توانائی کے سستے اور پائیدار ذرائع کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ سرکاری اداروں کے بجلی اخراجات میں کمی اور قومی وسائل کی بچت ممکن بنائی جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے ویسٹ ٹو انرجی پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دیدی ہے ،منصوبہ کچرے کو توانائی میں تبدیل کرنے اور متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے اہم ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت ایک لاکھ مفت سولر پینلز فراہمی کی سکیم بھی شروع کررہی ہے ۔ پروگرام کے تحت 200یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے 50ہزار گھرانے مستفید ہونگے جبکہ مزید 50ہزار ایسے گھرانوں کو بھی سولر سہولت فراہم کی جائیگی جنکے پاس بجلی کا کنکشن یا بجلی کی سہولت موجود نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments